دنیا کے بدترین ہتھیار
جوہری ہتھیار اب تک بنائے گئے سب سے زیادہ تباہ کن، اندھا دھند اور غیر انسانی ہتھیار ہیں۔ ایک بم اتنا طاقتور ہے کہ پورے شہر کو تباہ کر سکتا ہے، جس میں ہلاکتوں کی تعداد کروڑوں نہیں تو لاکھوں تک ضرور پہنچ جاتی ہے۔
انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس نے جوہری ہتھیاروں کو "اپنی تباہ کن طاقت میں منفرد، انسانوں کو پہنچنے والی ناقابلِ بیان تکلیف میں بے مثال … اور ماحول، آنے والی نسلوں بلکہ خود انسانیت کی بقا ہی کے لیے خطرہ" قرار دیا ہے۔
جوہری ہتھیاربڑی مقدار میں تابکاری خارج کرتے ہوئے، ہوا، زمین، پانی اور ہمارے جسموں کو آلودہ کرتے ہیں، یہ قومی سرحدوں کے پار اور کئی نسلوں تک نقصان پہنچاتے ہیں۔
جب تک یہ موجود ہیں، اس بات کا حقیقی خطرہ موجود رہے گا کہ انہیں دوبارہ استعمال کیا جائے گا، اور اس کے نتائج تباہ کن ہوں گے — یہاں تک کہ ان ممالک کے لوگوں کے لیے بھی جن کا اس تنازع سے کوئی تعلق نہیں ہوگا جس میں یہ استعمال کیے جائیں گے۔